لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مریم نواز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔مریم نواز نے گزشتہ دنوں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی انتخابی مہم چلائی تھی جس میں کئی مرکزی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ مریم نواز نے خیریت دریافت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنوں کی دعائیں میرے لئے قابل قدرہیں،مجھے بخار، کھانسی اور زکام کی شکایت ہے، میرا گھر پر ہی علاج معالجہ جاری ہے۔مریم نواز کے بعد ان کی فیملی ممبران کے بھی کورونا ٹیسٹ کر لیے گئے ۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ بیٹی مریم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر افسوس ہے ، اللہ تعالیٰ بیٹی سمیت تمام مریضوں کو صحت کاملہ عطا فرمائے اورسب کو اپنی حفاظت میں رکھے۔پارٹی رہنماﺅں اور کارکنوںنے بھی مریم نوازکا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے جلد صحتیابی کیلئے دعائیں کی ہیں۔
