اسلام آباد : ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس ایک ہفتے کےلئے مو خر کردئیے گئے ،قومی اسمبلی کا اجلاس اب 14ستمبر جبکہ سینیٹ کا اجلاس 15ستمبر کو ہوگا جس میں ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی ہو گی ،وزیر اعظم نے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کو ایف اے ٹی ایف کے متعلق قانون سازی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کررکھی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بیشتر ارکان سمبلی سیلابی صورتحال کے باعث اپنے اپنے حلقوں میں مصروف ہیں سیلابی صورتحال کے باعث کئی ارکان اسمبلی کی اجلاس میں شرکت مشکل ہو گی جس کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس ایک ہفتے کے لئے مو خر کر دیا گیا ہے ۔ 7ستمبر آج پیر کے دن ہو نیو الے قومی اسمبلی اجلاس میں ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی ہو نا تھی اب ایف اے ٹی ایف کی سفارشات سے متعلق قانون سازی ایک ہفتے بعد ہو گی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ قومی اسمبلی کا بلا یا گیا اجلاس مو خرکر دے کیو نکہ ملک میں بارشوں کی وجہ سے حالا ت کافی خراب ہے اور ارکان اسمبلی اپنے پنے علاقوں میں مصروف ہیں ۔ اتوار کے روز وزیر اعظم عمران خان نے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے رابطہ کیا ہے جس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف قانون سازی قومی ضرورت ہے اسے جلد پورا کرنے کے لئے پارلیمنٹ میں لے کر جائیں۔بابر اعوان نے وزیراعظم عمران خان کو سیلابی صورتحال کے بعد ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ارکان پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے اجلاس ملتوی کرنے کے مطالبے سے آگاہ کیا جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 14ستمبر شام ساڑھے چار بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس 15ستمبر کی صبح 10ساڑھے بجے طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
