خضدار: خضدار میں پیپلزپارٹی کے رہنما میر شفیق الرحمان مینگل کی رہائشگاہ واقع شہزاد ٹاﺅن کے قریب بدھ کو ایک زوردارد دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں میر شفیق الرحمان مینگل کے 14 ساتھی جاں بحق ہوگئے جن میں 5 پولیس اہلکار شامل تھے جب کہ 5 حملہ آور مارے گئے اور متعدد افراد زخمی ہوگئے حملے میں میر شفیق الرحمان مینگل خود محفوظ رہے۔پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آواز دور تک سنی گئی اور قریبی علاقوں میں عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ابتدائی دھماکے کے بعد علاقے میں مزید دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے خودکش تھے واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق دھماکوں اور فائرنگ کا سلسلہ تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہاریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ اور ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں اور جاں بحق افراد کی حتمی تعداد کا تعین کیا جارہاہے۔ دھماکے کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔ جاں بحق افراد میں کامران ولد لعل محمد بخش ،شکیل احمد ولد ماسٹر ولی محمد رئیسانی ،ظفر ولد محمد دین رئیسانی ،منظور احمد ولد حاجی مولابخش ،قربان ملازئی،محمد اسماعیل رئیسانی کریم ولد اللہ بخش سیاہ پاد شامل ہیں دریں اثناءوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خضدار میں ممتاز قبائلی رہنماءوپاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر میر شفیق الرحمان مینگل کی رہائش گاہ پر دہشت گردانہ حملہ انتہائی بزدلانہ اور قابلِ مذمت ہے، امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ میر شفیق الرحمان مینگل نے جس بہادری، جرات اور ثابت قدمی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے اور دہشت گردوں کے سامنے نہ جھکنے کے قومی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ حملے میں ملوث تمام دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام، قبائلی عمائدین، سیاسی قیادت اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں، امن دشمن عناصر کے تمام مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔






