ویتنام کے جنوبی جزیرے فو کووک (Phu Quoc) کے قریب سیاحوں سے بھری کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 15 بھارتی سیاح ہلاک ہو گئے، جبکہ 21 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتی میں مجموعی طور پر 36 افراد سوار تھے، جن میں 32 بھارتی سیاح، 3 عملے کے ارکان اور ایک معاون شامل تھا۔ رپورٹس کے مطابق کشتی ہون مائے رُت جزیرے (Hon May Rut Island) سے آن تھوئی بندرگاہ (An Thoi Port) جا رہی تھی کہ ساحل سے تقریباً 400 میٹر دور سمندر میں الٹ گئی۔ بھارت کے سفارت خانے نے ویتنام میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ہو چی منہ سٹی اور ہنوئی میں ہنگامی رسپانس سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔ بھارتی سفارت خانے کے مطابق حادثے کی وجوہات اور دیگر تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں، جبکہ مقامی حکام کی جانب سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت سمندر میں شدید لہریں اور خراب موسمی حالات تھے، جنہیں کشتی الٹنے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ فو کووک ویتنام کا سب سے بڑا جزیرہ ہے اور حالیہ برسوں میں بھارتی سیاحوں کے لیے ایک مقبول سیاحتی مقام بن چکا ہے۔






