ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے امام رضا کور کے شعبۂ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ مشہد شہر میں اس کے ماتحت نیم فوجی دستے بسیج کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ امام رضا کور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں کو مشہد کے سرافرازان اسکوائر کے قریب اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ گشت پر تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا، جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ فائرنگ کرنے والوں کے بارے میں مزید کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ اس سے قبل خراسان رضوی گورنری کے نائب سکیورٹی عہدیدار امیراللہ شمقدری نے تردید کی تھی کہ یہ سکیورٹی نوعیت کا واعہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ ’ذاتی نوعیت‘ کا معاملہ ہے اور اس کا ’دہشت گردی یا سکیورٹی اقدامات سے کوئی تعلق نہیں۔ سرافرازان بولیوارڈ، جہاں فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا، مشہد کے مغرب میں روضۂ امام رضا سے تقریباً 17 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے نے صوبے کے بالائی اضلاع میں موجود گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلوف) کا الرٹ جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ کے بالائی اضلاع میں شدید گرم موسم اور آئندہ ہفتے ہونے والی تیز بارشوں کے باعث تیزی سے گلیشیرز کے پگھلنے کا خدشہ ہے جس کے باعث گلیشیائی جھیلیں پھٹ سکتی ہیں جبکہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اپر اور لوئر چترال، سوات، بحرین، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دریا، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں سے دور رہیں






