کوئٹہ : رکھنی میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔معاون وزیر اعلی بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی تلاش کے لیے بھرپور کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ ریاست دشمن عناصر کے خلاف آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی مرید بگٹی شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا، جن کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔شاہد رند کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا ہر قیمت پر قلع قمع کیا جائے گا اور امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے تاکہ صوبے میں امن قائم کیا جا سکے۔





