چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمان المطیری کے ہمراہ جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان و کویت کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کویتی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی برادرانہ تعلقات کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کویت کے ساتھ پاکستان کے مضبوط تعلقات اور تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔






