ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، جس کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، شہر شہر جشن کا سماں ہے، گلی گلی سبز پرچم لہرا رہے ہیں، گلیاں، بازار، مساجد اور شاہراہیں سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دی گئی ہیں جب کہ مختلف علاقوں میں محافلِ میلاد، نعتیہ پروگرامز اور جلوسوں کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔
حکومت کی جانب سے عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ اس دن کی مناسبت سے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز، محافلِ نعت اور دیگر مذہبی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔
عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے آج رات ملک بھر کی مساجد میں محافلِ میلاد اور درود و سلام کا اہتمام کیا جائے گا، جہاں علماء کرام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ، تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر روشنی ڈالیں گے۔
جشنِ ولادتِ رسول ﷺ کی خوشی میں ملک بھر کے گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں، رنگ برنگی روشنیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جب کہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔






