وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی تو بہت مشکل وقت آنے والا ہے۔اسلام آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز ) پر عمل کریں تو کیسز تیزی سے نہیں پھیلیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ احتیاط کرلیں تو پاکستان اس تباہی سے نہیں گزرے گا جو امیر ترین ممالک میں آئی لیکن اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو بڑا مشکل وقت آنے والا ہے۔عمران خان نے کہا کہ جب کوئی ملک لاک ڈاؤن کرتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کورونا وائرس ختم ہوجائے گا، اس کا مطلب یہ ہے کہ جس تیزی سے یہ وائرس پھیلتا ہے تو لاک ڈاؤن سے یہ پھیلاؤ کم ہوجاتا ہے کیونکہ جتنے لوگ جمع ہوتے ہیں اتنی تیزی سے یہ وائرس پھیلتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کا جمع ہونا اور باہر نکلنا بند کردیں تو وبا ختم نہیں ہوتی لیکن اس کے پھیلاؤ میں سستی آجاتی ہے۔اپنی بات جاری کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ ہم نے جب لاک ڈاؤن کیا تو لوگ ایک مشکل وقت سے گزرے، بیروزگاری کی انتہا ہے اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والا طبقے کے گھروں میں مشکلات تھیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اب پوری دنیا نے لاک ڈاؤن کھول دیا ہے کیونکہ امیر ترین ممالک بھی یہ فیصلہ کرچکے ہیں کہ کوئی ملک لاک ڈاؤن زیادہ عرصے تک برداشت نہیں کرسکتا






