برطانیہ میں پولیس نے جنوبی شہر ریڈنگ کے ایک پارک میں ہفتے کی شام خنجر سے وار کر کے تین افراد کو ہلاک کرنے کے واقعے کو ’دہشت گردی‘ قرار دے دیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تھامس ویلی پولیس نے بتایا کہ واقعے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ لندن کے مغرب میں واقع تاریخی قصبے کے رہائشی ایک 25 سالہ نوجوان کو حراست میں لیا گیا ہے۔مقامی اور انسداد دہشت گردی پولیس نے ان رپورٹس کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا کہ یہ شخص لیبیا کا شہری تھا، جسے برطانیہ میں پناہ دی گئی ہے۔واقعے کی فوٹیج میں انسداد دہشت گردی پولیس کی ایک بڑی نفری کو ہفتے کی شام کو ہونے والے اس حملے کے فوراً بعد ہی مشتبہ شخص کی مبینہ رہائش گاہ پر ریموٹ کنٹرول دھماکے کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔انسداد دہشت گردی پولیس پولیس کے سربراہ نیل باسو نے کہا: ‘آج صبح میں باضابطہ طور پر تصدیق کر سکتا ہوں کہ اس کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا گیا ہے۔
