جرمنی کے دارالحکومت برلن میں واقع ایک چرچ کی جانب سے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے جگہ فراہم کرنے کے اقدام کو ’مذہبی ہم آہنگی اور یکجہتی‘ کی اعلیٰ مثال کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔واضح رہے کہ جرمنی میں کورونا وائرس کے باعث سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہے۔مسجد کے اندر 5 فٹ کا سماجی فاصلہ برقرار رکھنے سے جگہ کی قلت ہوگئی تھی جس کے بعد قریب میں واقع ایک چرچ نے نمازیوں کو فرائض کی ادائیگی کے لیے جگہ فراہم کی۔خیال رہے کہ جرمنی میں رواں ماہ کے اوائل میں عبادت گاہوں کو دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔برلن کے ضلع نیوکویلن کی دارالاسلام مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے سیکڑوں نمازی جمع ہوئے تاہم سماجی فاصلے سے متعلق ایس او پیز پر عمل کرنے سے مسجد میں صرف 50 نمازیوں کی جگہ بن سکی۔جس کے بعد مذہبی ہم آہنگی اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قریبی مارتھا لوتھرن چرچ نے عربی اور جرمن زبان میں مسلمان نمازیوں کی میزبانی کی۔مسجد کے امام محمد طحہ صابری نے بتایا کہ ’ایسی محافل یکجہتی کی وجہ سے رونما ہوتی ہیں‘۔





