امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے ساتھ ایک اور ملاقات کرنے کے لیے تیار ہیں۔صدر ٹرمپ نے منگل کو ‘گرے’ ٹیلی ویژن سے وابستہ صحافی گریٹا وان سسٹرن کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ "میرے خیال میں شمالی کوریا مجھ سے ملاقات چاہتا ہے۔ اگر کم جونگ ان کے ساتھ ملاقات مفید ثابت ہونے کے اشارے ملے تو ہم ضرور ملیں گے۔”صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہ ملاقات مفید ثابت ہو سکتی ہے؟ جس پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے کم جونگ ان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور امید ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات مفید ہو گی۔شمالی کوریا کی جانب سے گزشتہ ہفتے دو مرتبہ ایسے اشارے ملے ہیں کہ وہ امریکہ کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار نہیں ہیں۔شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے سربراہ وونگ جونگ گن کے منگل کو سرکاری نیوز ایجنسی میں شائع ہونے والے کالم میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا امریکہ کے ساتھ براہِ راست مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔اس سے قبل شمالی کوریا کے سینئر سفیر چوئی سن ہوئی نے ہفتے کو کہا تھا کہ امریکہ غلطی پر ہے اگر وہ یہ سمجھتا ہے کہ اب بھی دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات ہو سکتے ہیں۔اُن کے بقول، "ہم امریکہ کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی ضرورت محسوس نہیں کرتے اور یہ مذاکرات امریکہ کے اپنے سیاسی بحران پر قابو پانے کے لیے ایک آلے کے سوا کچھ نہیں ہوں گے۔”یاد رہے کہ شمالی کوریائی خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے سلسلے میں صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان پہلی مرتبہ جون 2018 میں سنگاپور میں ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد سے دونوں رہنماؤں کے درمیان اب تک بالمشافہ تین ملاقاتیں ہو چکی ہیں
