لاہور:پاکستان کی جانب سے افغان ٹریڈ معاہدہ کے تحت واہگہ باڈر کوکل(بدھ) سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت اس سے متعلقہ تمام ٹرمینلز کھولے جائیں گے۔ کورونا وائرس کی وباءکی وجہ سے واہگہ باڈر کو تین ماہ قبل تجارت اور عام افراد کی نقل و حمل کے لئے بند کیا گیا تھا۔ تاہم دونوں ممالک میں پھنسے ہوئے شہریوں کی واپسی کےلئے مختلف اوقات میں واہگہ بارڈر کو کھولا گیا ۔بتایاگیا ہے کہ افغان حکومت کی خصوصی درخواست پر پاکستان نے 15جولائی سے واہگہ باڈر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے وزارت خارجہ نے سرکلر بھی جاری کردیا ہے ۔ واہگہ بارڈر پر افغان ٹریڈ کے حوالے سے معاہدہ کی روح ایکسپوٹ انڈر ٹرانزٹ ٹریڈ کے تمام ٹرمینلزبھی کھولے جائیں گے ۔ سرکلر میں کورونا وائرس کی وباءکے لئے طے شدہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے ۔






