کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) بلوچستان میں کوروناوائرس کے 47 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں مصدقہ کیسز کی تعداد11239ہوگئی ،کورونا سے متاثرہ ایک اور مریض انتقال کرگیا ،محکمہ صحت بلوچستان کی جاری رپورٹ کے مطابق منگل کے روز بلوچستان میں304 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے صوبے کے 11 اضلاع سے 47 افراد میں کورونا کی تشخیص ہونے کے بعد کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد11239ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 71مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد صوبے میں اب تک 7883 مریض صحت یاب ہوئے ہیں صوبے میں صحت یاب افراد کی شرح 70 فیصد ہے جبکہ 3229 مریض زیر علاج ہیں 80 افراد کے کئے گئے کورونا ٹیسٹ کی لیبارٹری رپورٹ آنا باقی ہے ۔ محکمہ صحت کے مطابق منگل کے روز کورونا سے متاثرہ ایک اور مریض کے انتقال سے صوبے میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 127ہوگئی ہے۔






