کوئٹہ: بلوچستان میں سیلابی صورتحال کے باعث محکمہ صحت نے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔ محکمہ صحت بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں مون سون بارشوں کے بعد حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا کہنا ہے کہ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام ڈویژن اور ضلعی اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی اسٹاف کو موجود رہنے کی ہدایت کردی گئی، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ ایمرجنسی اقدامات کو حتمی شکل دیں ڈویژنل ڈائریکٹرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران ، میڈیکل سپریٹنڈنٹس ، پروگرامز ہیڈز اپنی اپنی جائے تعیناتیوں پر حاضری کو یقینی بناتے ہوئے اقدامات کی نگرانی کریں ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان تمام ڈویژن اور ضلعی افسران سے کلوز کوآرڈینشن رکھیں اور وزارت صحت بلوچستان کو صورتحال سے متواتر آگاہ کریں ، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ تمام صورتحال اور اقدامات کا جائزہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان از خود لے رہے ہیں، محمکہ صحت بلوچستان کے افسران اور اہلکاران پوری تندہی سے فرائض کی بجا آواری یقینی بنائیں۔
