کوئٹہ:چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن(ر)فضیل اصغر نے گزشتہ روز کوئٹہ شہر کا اچانک دورہ کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی بھی تھے چیف سیکرٹری نے جناح روڈ پر حکومت کی طرف سے دی گئی احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر دو نجی بینکوں کو مکمل طور پر سیل کرنے کا حکم دیا جبکہ طوغی روڈ پر ایک ریسٹورنٹ کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے انہوں نے کہا کہ جب تک کرونا وائرس کے اثرات رہیں گے ہمیں محتاط رہنا ہوگا اور حکومتی فیصلوں کا احترام کرنے سے ہی کرو نا کو شکست دے سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہیں کر رہی جس کی وجہ سے کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلہ نہ رکھنے کی وجہ سے مقامی طور پر وائرس ایک دوسرے سے پھیلنے کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے انہوں نے کہا کرونا کے پھیلا کو روکنے کے لیے عوام کو احتیاطی تدابیر کی جانب راغب کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح کے دورے کرتے رہیں گے۔






