کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ پر دہشت گردوں کا حملہ سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق اور 3 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ تمام چاروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 4 دہشتگردوں نے آج صبح پاکستان سٹاک مارکیٹ پر دستی بموں سے حملہ کر دیا جبکہ آٹو میٹک ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر ایک پولیس اہلکار، 4 سکیورٹی گارڈ اور ایک شہری جاں بحق جبکہ 3 اہلکار زخمی ہو گئے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، بعد ازاں سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ تحقیقاتی اداروں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔ کراچی پولیس چیف نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سٹاک مارکیٹ پر دہشتگرد حملہ ناکام بنا دیا گیا جبکہ حملہ کرنے والے چاروں دہشتگردوں کو بروقت کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا۔ ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق ایک پولیس اہلکار، 4 سکیورٹی گارڈ اور ایک شہری واقعے میں جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ دہشت گردوں کی گاڑی تحویل میں لے لی ہے، برآمد کئے گئے اسلحے میں دستی بم اور آٹو میٹک رائفلیں شامل ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشتگرد پارکنگ ایریا سے عمارت کے اندر گھسے، پہلے دہشتگرد کو اندر گھستے ہی مار دیا گیا تھا، دہشتگردوں کے سامان سے بھنے ہوئے چنے بھی ملے ہیں کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی نے کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والوں کی تصویر جاری کر دی –






