ڈیرہ اللہ یار:ڈیرہ اللہ یار میں کاشتکاروں کو حقوق مانگنا مہنگا پڑ گیا انتظامیہ نے روڈ بند کرنے کی پاداش میں مقدمہ درج کردیا گزشتہ روز ٹیپل شاخ کے کاشتکاروں نے نہری پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بیک وقت قومی شاہراہ اور ریلوے ٹریک پر دھرنا دیکر ٹائر نذرآتش کیے اور ایکسین ایریگیشن کی علامتی جنازہ نماز ادا کی جس کے خلاف انتظامیہ نے کاشتکاروں کو نہری پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے بدلے کاشتکار رہنماوں میر غلام رسول لہڑی، عامر علی کھوسہ، دوست علی لہڑی، غلام حسین بگٹی، عبدالوہاب بگٹی سمیت دیگر کے خلاف پولیس تھانہ ڈیرہ اللہ یار میں مقدمہ درج کروادیا ہے مقدمے پر ردعمل دیتے ہوئے کاشتکار رہنماوں میر غلام رسول لہڑی، عامر علی کھوسہ دوست علی لہڑی ودیگر کا کہنا تھا کہ ایکسین ایریگیشن ٹیپل شاخ سے غیر قانونی طور پر پانی چوری کرکے بااثر زمینداروں کو فروخت کررہا ہے ٹیل تک پانی نہیں پہنچ رہا ہمارا معاشی قتل کیا جارہا ہے کمشنر سمیت جعفرآباد اور نصیرآباد اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ٹیپل شاخ کا دورہ کرکے پانی کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی تاہم پانی نہیں ملا مجبور ہو کر اپنے جائز حقوق کے لیے احتجاج کیا ہے تو انتظامیہ نے ہمارے خلاف مقدمہ درج کروایا جو کہ سراسر ناانصافی اور ظلم ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں طاقت کے زور پر حقوق سے دستبردار کروانے کی کوشش کی جارہی ہے ایسے مقدمات سے ڈر کر اپنے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے انہوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لیکر جھوٹا مقدمہ خارج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔





