کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دونوں صوبوں کی عوام کے درمیان قومی یکجہتی اور یگانگت کو فروغ دینے کے عزم کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم ایک ہیں اورایک رہیں گے،نفرتیں پھیلانے والے ناکام رہیںگے،بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گاہم نے مل کر عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنانی ہیں لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے مزید محنت سے کام کرنا ہے ،ایسے کام کر کے جائیں گے تاکہ آنے والی حکومت کیلئے مثال بنےں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پشین میں قبائلی عمائدین سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان پشین پہنچے جہاں پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی ۔اس موقع پروزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے تربت میں 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سنٹر کے قیام کا اعلان کیااور دونوں منصوبوں کے لئے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کو ایک ارب روپے کا چیک دیا،سردارعثمان بزدار نے کہاکہ حکومت پنجاب تربت میں 100بیڈ کا ہسپتال تعمیر کرے گی تاکہ لوگوں کو بنیادی صحت کی سہولیات میسر آسکیں ،پنجاب بلوچستان کی مختلف شعبوں میں ہرممکن مدد فراہم کررہی ہے ،اس کے علاوہ تفتان میں زائرین کیلئے کمیونٹی سینٹربھی بنائیں گے انہوں نے کہاکہ تربت کا ہسپتال اور تفتان کا کمیونٹی سینٹر صوبائی ہم آہنگی اورباہمی محبت کا نشان بنے گا ہم ایک ہیں اورایک رہیں گے،نفرتیں پھیلانے والے ناکام رہیںگے ،ہم خالی نعرے نہیں لگاتے بلکہ عملی طور پر کام کر کے دکھاتے ہیں ،سردارعثمان بزدار نے کہاکہ بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے بلوچستان آکر کبھی اجنبیت کا احساس نہیں ہو تاآئندہ بھی بلوچستان آتارہوںگا،تربت میں ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سنٹر کے منصوبے پنجاب کے عوام کی طرف سے بلوچ بہن بھائیوں کے لئے تحفہ ہیں ، انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب بلوچستان کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے متعدد پرا جیکٹ لارہی ہے،بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا،قومی یکجہتی اور یگانگت کو فروغ دینے کے لئے ایسے دورے بے حد ضروری ہیں – عثمان بزدارنے کہاکہ بلوچستان کے لئے جام کمال کی خدمات قابل تحسین ہے اس موقع پروزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا تربت ہسپتال اورتفتان میں کمیونٹی سینٹر کیلئے فنڈز فراہم کرنے پر حکومت پنجاب اورعوام سے اظہار تشکر کیااورکہاکہ جذبہ خیر سگالی کو فروغ دینے کیلئے حکومت پنجاب کی معاونت خوش آئند ہے۔ عثمان بزدار کی بلوچستان آمد پر بے حد خوشی ہے،ان کے آنے سے محبتیں بڑھیں گی۔صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کیلئے وزیراعلی عثمان بزدار کی خدمات قابل ستائش ہے ہم نے مل کر عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنانی ہیں لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے مزید محنت سے کام کرنا ہے ایسے کام کر کے جائیں گے جو آنے والی حکومت کیلئے مثال بنے۔






