کوئٹہ:جمعیت علماءاسلام بلوچستان کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کی بنیاد کا تقاضا ہے کہ ہرقیمت پر ملک کی اسلامی شناخت کو برقرار رکھا جائے اور عوام کو یکساں طور پر ریلیف اور تحفظ فراہم کیاجائے بدقسمتی سے آج قیام پاکستان سے لے کر آج تک قوم بھوکی ننگی ہے اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہے انہوں نے کہا کہ اصل میں پاکستان ایک نصب العین کا نام ہے مسلمانوں کی جداگانہ تہذیب و ثقافت کے علمبردار اور اقلیتوں کو تحفظ کا نام ہے ، پاکستان کے پس منظر اسلامی نظریہ ہے اس حقیقت کی ترجمانی ہمارے اسلاف نے ان الفاظ میں کی ہم نے پاکستان کا مطالبہ زمین کا ایک ٹکڑا حاصل کرنے کیلئے نہیں کیا تھا بلکہ ہم ایک ایسی تجربہ گاہ حاصل کرنا چاہتے تھے جہاں ہم اسلام کے اصولوں کو آزما سکیں اور تمام اقلیتوں کا خیال رکھا جاسکے انہوں نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہم قیام پاکستان کے بنیادی مقاصد کے حصول میں کس حد تک کامیابی حاصل کی ہے تو اس کا جواب نفی میں ہے وجہ یہ ہے کہ ہمارے ملک میں آزادی جاگیرداری کے سایے تلے اور غیر ملکی ایجنٹوں کے چونچوں میں پلی، جبکہ جمہوریت صحیح معنوں میں پنپ نہ سکی انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک سمیت مغرب اور امریکہ نے پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے بھی سازشیں کیں اور ملک کے اندر اور باہر اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ملک کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔






