نوکنڈی(نامہ نگار) بلوچستان عوامی پارٹی کےرخشاں ڈویژن کے آرگنائزر میر اعجاز خان سنجرانی کی ہدایت پر نوکنڈی میں جشن آزادی کی مناسبت سے پروقارتقریب اور ریلی کا انقعاد کیاگیا۔ریلی بلوچستان عوامی پارٹی اورخان سنجرانی پینل کے زیر اہتمام نکالی گئی۔ریلی خان سنجرانی پینل کے دفتر سے شروع ہوکر مین شاہراہ پر اختتام پذیر ہوگئی۔ ریلی کی قیادت سنجرانی پینل کے رہنماوں سمیت دیگر قبائلی معتبرین کررہے تھے۔ریلی میں سینکڑوں گاڈیاں اور موٹر سائیکل پہ شریک ہوئیں۔اس موقع پر پاکستان زندہ باد ،کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں کے ساتھ سبز ہلالی پرچم لہراتےگئے۔ریلی کے شرکاء سے سردار محمد اسحاق محمدزئی،مفتی خلیل الرحمٰن،سردار حاجی امان اللہ کبدانی،مولانا اللہ بخش نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمارے قائدین اور مسلمانان بر صغیر کی جدوجہد اور قربانیوں سے ہمارا یہ ملک وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ چودہ اگست ہماری تاریخ میں بہت بڑی اہمیت رکھتا ہے ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں آزادی یقینی طور پر اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اس نعمت کا احساس ان قوموں کو بہتر ہوسکتا ہے جو ایک ایسے ماحول میں زندہ ہیں جہاں انکے لئے سانس لینا تک مشکل ہے۔ ہندوستان کی انتہاءپسندی دنیا پر واضح ہورہی ہے کہ ہندوستان نے کشمیر پر زبردستی قبضہ جمایا ہوا ہے۔قوم نے یوم آزادی کے موقع پر بھر پوریکجہتی کرکے یہ ثبوت دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ ہیں۔ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ قومی پرچم کو ہمیشہ بلند رکھیں گے اسکی حرمت اور وقار کو برقرار رکھیں گے اسکی بلندی سے ہی ہمارا وقار بلند ہوگا۔
