امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی نے سابق نائب صدر جو بائیڈن کو نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے باضابطہ طور پر اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ جو بائیڈن تین نومبر کو ہونے والے انتخاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کریں گے جو ری پبلکن پارٹی کے ٹکٹ پر مسلسل دوسری مدت کے لیے صدارت کے امیدوار ہیں۔ جو بائیڈن کی باضابطہ نامزدگی چار روزہ ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کے دوسرے روز منگل کو عمل میں آئی ہے۔ صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات اور کاکسز میں کئی فیصلہ کن ریاستوں میں فتح کے بعد جو بائیڈن کئی ماہ قبل ہی پارٹی کے متوقع امیدوار کے طور پر سامنے آگئے تھے۔ جو بائیڈن کے مقابلے پر رہ جانے والے آخری امیدوار اور ورمونٹ سے منتخب سینیٹر برنی سینڈرز کی جانب سے رواں سال اپریل میں اپنی انتخابی مہم ختم کرنے اور جو بائیڈن کی حمایت کے اعلان کے بعد صدارتی انتخاب کے لیے بطور ڈیموکریٹ امیدوار ان کی نامزدگی یقینی ہو گئی تھی۔ منگل کو ڈیموکریٹک کنونشن کے دوران مختلف ریاستوں اور امریکہ کے زیرِ انتظام علاقوں سے منتخب ہونے والے ڈیموکریٹ پارٹی کے مندوبین نے باری باری بائیڈن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور اُنہیں باضابطہ طور پر پارٹی کا امیدوار منتخب کیا۔ جو بائیڈن نے اپنی نامزدگی پر مندوبین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وہ جمعرات کو کنونشن کے آخری روز خطاب کریں گے جس میں وہ پارٹی کی جانب سے اپنی نامزدگی قبول کرنے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ ڈیموکریٹس کا یہ چار روزہ کنونشن کرونا کی جاری وبا کے باعث مکمل طور پر آن لائن منتقل کیا گیا ہے۔ جو بائیڈن بھی جمعرات کو اپنا خطاب ریاست ڈیلاویئر میں واقع اپنی رہائش گاہ سے کریں گے جسے انٹرنیٹ کے ذریعے پارٹی کے مندوبین اور حامیوں کے لیے نشر کیا جائے گا۔
