ملتان : مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کے پیچھے چھپ رہی ہے لیکن یہ کورونا نہیں حکومت جانے کا رونا ہے جبکہ کووڈ 19 سے پہلے کووڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے۔ ملتان کے گھنٹہ گھر چوک پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ‘ملتان والوں، آپ کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہوں، آج چادر اور چار دیواری کی پامالی ہو رہی ہے، ہمارے نہتے کارکنوں کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں، اسٹیڈیم کو تالے لگا دیے گئے لیکن میں نےکہا جلسہ ہو یا نہ ہو عوام کے پاس ضرور پہنچوں گی’۔ انہوں نے کہا کہ ‘آج شریف خاندان پر ایک بار پھر دکھ کا پہاڑ ٹوٹا ہے لیکن 22 کروڑ عوام کے دکھ کے سامنے ہمارے دکھ کچھ نہیں، نواز شریف نے کہا عوام کے دکھوں پر اپنے ذاتی دکھ قربان کیونکہ آج عوام کے روزگار چھن جانے، کاروبار کو تالا لگ جانے کا غم ہے، آج روٹی 30 روپے ہوجانے اور چولہے ٹھنڈے ہو جانے کا غم ہے، عوام کے گھروں میں غموں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، اللہ تعالیٰ دشمن بھی کسی کو دے تو ظرف والا دے’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہمیں دشمن بھی ملا تو کم ظرف ملا، ایک خاتون وزیر نےکہا کہ نواز شریف نے اپنی ماں کی لاش پاکستان پارسل کردی، میرے والد لندن میں کاؤنٹی کرکٹ نہیں کھیل رہے تھے، نواز شریف جیسا فرمانبردار بیٹا پورے پاکستان میں ڈھونڈ کر لاؤ، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد ان کے خاندان کو جنازہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی، اکبر بگٹی کو قتل کیا جاتا ہے اور ان کے اہل خانہ کو جنازہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی جاتی، بےنظیر بھٹو کو شہید کیا جاتا ہے اور قاتلوں کو ملک سے باہر فرار کرا دیا جاتا ہے’۔ مریم نواز نے کہا کہ ‘کیا کوئی مشرف کوایک دن بھی جیل میں رکھ سکا؟ کیا کسی میں اتنی جرات ہے کہ مشرف کو پاکستان واپس لاسکے؟ اب یہ حکومت کورونا وائرس کے پیچھے چھپ رہی ہے لیکن یہ کورونا نہیں حکومت جانے کا رونا ہے، یہ کیسا وائرس ہے جو حکومت کے جلسوں میں نہیں صرف پی ڈی ایم کے جلسوں میں آتا ہے، کورونا پہلے پوچھتا ہےکہ پی ڈی ایم کا جلسہ ہےتو میں اندر آجاؤں اور اگر تحریک انصاف کا جلسہ ہے تو واپس چلا جاؤں’۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام عمران خان کا لاک ڈاؤن کرنے والے ہیں، کووڈ 19 سے پہلے کووڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے، کووڈ 18 گھر چلا جائے تو کووڈ 19 بھی چلا جائے گا، پاکستان کو لگے وائرسوں کا علاج ضروری ہے اور پاکستان کو لگے اس مہلک وائرس کا پہلے علاج کیا جائے، ملک کی ترقی، نظام عدل اور مہنگائی کو کونسا وائرس لگا ہے لیکن ان تمام وائرس کا نام عوام جانتے ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان میٹروبس کو جنگلا بس کہتے تھے کہ اسے نہیں بناؤں گا لیکن انہوں نے پشاور میں بی آر ٹی بنائی جو چل کم اور جل زیادہ رہی ہے، عوام جان چکے ہیں کہ تمہارے ہر وعدے کی طرح ’جنوبی پنجاب صوبہ‘ بھی فراڈ تھا، اناڑی پاکستان کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا ہے، علیمہ باجی نے سلائی میشن سے اربوں روپے کما لیے لیکن بندہ ایماندار ہے، بنی گالہ کا محل بن گیا لیکن بندہ ایماندار ہے، 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس میں مفرور ہے لیکن بندہ ایماندار ہے جبکہ جان بوجھ کر ایل این جی کی درآمد میں تاخیر کی گئی لیکن بندہ ایماندار ہے۔ نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کہتے ہیں میں کاروبار نہیں کرتا تو بھائی کاروبار محنت کرنے والے کرتے ہیں، جب ساری زندگی دوسروں کی جیبوں پر گزارا کرنا ہے تو محنت اور کاروبار کی کیا ضرورت، جنہوں نے کشمیر کو نریندر مودی کی جھولی میں ڈال دیا وہ اسرائیل کی بات کر رہے ہیں، عوام پوچھتی ہے کہ پاکستان میں اسرائیل کی حمایت کی مہم کون چلا رہا ہے، نواز شریف کے دور میں روٹی 5 روپے کی تھی آج 30 روپےکی ہے، نواز شریف کے دور میں چینی 50 روپے کی تھی صادق اور امین کے دور میں 130 روپے ہے، نواز شریف کے دور میں 30 روپے کلو آٹا تھا آج 100 روپے میں بھی نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ پی ڈی ایم آیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے خود حکومت چھوڑ دو، پی ڈی ایم فیصلہ کرنے والی ہے پھر نہ کہنا کہ بتایا نہیں جبکہ عوام سے وعدہ ہے کہ مشکلات سے نکالنے کے لیے جیل بھی جانا پڑا تو کوئی پرواہ نہیں۔






