لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکمران جن بھی الفاظ میں این آر او مانگیں نواز شریف اورمسلم لیگ(ن) انہیں این آر اونہیں دے گی ،جس طرح ان کے ساتھ ملتان میں ہوا یہ لاہورمیںبھی دُم دبا کر بھاگیں گے ،حکومت کی نا اہلی کا شکارہونے والے تمام طبقات انہیں آخری دھکادینے تیرہ ددسمبر کو مینار پاکستان آئیں ۔ جاوید ہاشمی ، مریم اورنگزیب اور دیگر کے ہمراہ مینار پاکستان جلسہ گاہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکمرانوں میں ملتان میں بھی رکاوٹیں ڈالیں اور یہ ان کے اندر کا خوف ہے ، جیسے ان کے ساتھ ملتان میں ہوا یہ یہاں پر بھی دُ م دبا کر بھاگیں گے،یہ جو مرضی کرلیں کارکنان اور عوام رکاوٹیں توڑ آئیں گے ۔انہوںنے کہا کہ اب یہ جن بھی الفاظ میںاین آر اومانگیں ، نواز شریف اورمسلم لیگ (ن) اب انہیں این آر اونہیں دے گی ۔ انہوںنے کل کے جلسے کے سرپرائز کے حوالے سے کہا کہ آپ کو ابھی بتا دیا تو پھر کیا فائدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین ، پھیرے والا،دکاندار وں سمیت ہر طبقہ جو حکومت کی نااہلی کا شکارہوا ہے وہ اس حکومت کو آخری دھکا دینے ضرور مینار پاکستان آئے۔انہوںنے بلاول بھٹو کے ہمراہ اکٹھے آنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم اکٹھے آئیں گے۔
