کراچی: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث کالعدم تنظیم کے 15 افراد کو اشتہاری قرار دے دیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مفرور ملزمان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔ عدالت نے ملزمان کے خاکے بنا کرآویزہ کرنے کے حکم کے ساتھ مفرور ملزمان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم سنادیا۔ مفرور ملزمان میں حربیار مری،علی داد بلیدی، کمانڈر شریف، راشد حسین اور سمیر سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔ مقدمے میں احمد حسنین، نادرخان، علی احمد، عبداللطیف، اور اسلم گرفتار ہیں۔ پولیس نےعدالت کو بتایا کہ دہشت گردوں کو بھارتی خفیہ ایجنسی را نے مالی معاونت کی۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری کےلیے انٹر پول سے معاونت حاصل کی جائےگی۔ واضح رہے کہ نومبر 2018 میں کراچی میں واقع چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔
