کوئٹہ : رکنِ صوبائی اسمبلی بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جشنِ آزادی منایا گیا، جو یقیناً خوشی اور قومی یکجہتی کا باعث ہے۔ تاہم آزادی کی خوشیوں کے ساتھ ہمیں ان چیلنجز اور مسائل کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لینا ہوگا جو ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کے لیے سب سے پہلے اس مسئلے کا ادراک اور درست تشخیص ضروری ہے۔ اگر ہمیں اپنے مسائل کا علم ہی نہ ہو تو ہم ان کا مؤثر حل کیسے تلاش کر سکتے ہیں؟ پاکستان کو درپیش مسائل میں سب سے اہم اور دیرینہ مسئلہ سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال (Political Instability & Uncertainty) ہے، جس کا اب سنجیدگی سے حل نکالنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
مختلف سیاسی جماعتوں اور سیاسی اختلافات کے باعث قوم میں تقسیم پیدا ہوتی ہے، جس کے اثرات ملکی معیشت، سرمایہ کاری، ترقی اور حکومتی نظام پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی اختلافات کو جمہوری دائرے میں رکھتے ہوئے قومی مفاد، استحکام اور پاکستان کی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے۔
پاکستان کے بڑھتے ہوئے آبادی کے مسئلے (Population Growth) کی طرف بھی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ہر سال تقریباً 60 لاکھ بچوں کی پیدائش ایک انتہائی اہم اور سنجیدہ معاملہ ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ تعلیم، صحت، روزگار، خوراک، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کی ضروریات بھی بڑھتی ہیں، اس لیے اس مسئلے پر پوری قوم کو سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا اور مستقبل کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔
انتظامی یونٹس (Administrative Units) اور اچھی طرزِ حکمرانی (Good Governance) بھی ملک کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انتظامی یونٹس کے حوالے سے آج کل مثبت اور منفی دونوں پہلوؤں سے بحث جاری ہے، تاہم اس معاملے کو محض سیاسی بحث تک محدود رکھنے کے بجائے قومی مفاد، عوامی سہولت اور بہتر انتظامی نظام کو سامنے رکھتے ہوئے سنجیدگی سے زیرِ غور لانا اور ایک واضح فیصلہ کرنا ضروری ہے۔
پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ جذباتی نعروں سے نہیں بلکہ سیاسی استحکام، مؤثر انتظامی نظام، اچھی حکمرانی، آبادی کی بہتر منصوبہ بندی اور قومی اتفاقِ رائے کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ اگر قوم اپنے مسائل کو سمجھ کر ان کے حل کے لیے متحد ہو جائے تو پاکستان نہ صرف موجودہ مشکلات سے نکل سکتا ہے بلکہ ایک مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر آگے بڑھ سکتا ہے۔






