نئے صوبوں کی تشکیل کا کوئی بل یا ترمیم زیرِ غور نہیں، سندھ اسمبلی کی قرارداد اور تقاریر قبل از وقت ہیں، رانا ثنا اللہ

نئے صوبوں کی تشکیل کا کوئی بل یا ترمیم زیرِ غور نہیں، سندھ اسمبلی کی قرارداد اور تقاریر قبل از وقت ہیں، رانا ثنا اللہ

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق کسی بھی مجوزہ قانون سازی کی سختی سے تردید کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کی قرارداد اور وزیراعلیٰ مراد شاہ کی تقریر کو بے بنیاد اور قبل از وقت قرار دیا ہے۔ جمعہ کو نجی ٹی وی انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں انتظامی یونٹس کا کوئی بل موجود نہیں اور لندن میں محسن نقوی اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کا ایسی کسی قانون سازی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں کے قیام، انتظامی یونٹس کی تقسیم اور این ایف سی ایوارڈ میں ممکنہ کٹوتی کے خدشات پر ایک قرارداد پیش کی گئی تھی جس میں وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اسی تناظر میں سیاسی حلقوں میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ لندن میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان کسی بڑی آئینی ترمیم یا نئے صوبوں کے حوالے سے معاملات طے پا رہے ہیں، جس پر وفاقی حکومت کی جانب سے یہ تفصیلی اور اہم وضاحتی بیان سامنے آیا ہے۔ وفاقی مشیر رانا ثنا اللہ نے صورتحال کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد اور وہاں ہونے والی تقاریر کو محض ‘حفظ ما تقدم’ یا قبل از وقت ہی کہا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو اس وقت خبردار ہونا چاہیے تھا جب ایسا کوئی بل یا قرارداد قومی اسمبلی میں پیش ہوتی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ قانون سازی کے حوالے سے ایک واضح جمہوری طریقہ کار موجود ہے، اگر ایسی کوئی قرارداد لائی بھی جائے تو پہلے تمام صوبوں سے مشاورت کی جاتی ہے، پھر معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی میں جاتا ہے، جس کے بعد پارلیمنٹ منظوری دینے یا نہ دینے کا حتمی فیصلہ کرتی ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ جب صوبوں کے حوالے سے کوئی قرارداد سرے سے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے لیے اس وقت تک کوئی تیاری ہی نہیں کی جا رہی ہے یا کوئی معاملہ حکومتی سطح پر زیر غور ہی نہیں ہے تو پہلے ہی بلاجواز شور مچا دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے