وزیراعظم شہباز شریف سے لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں داخلی امور اور سیکیورٹی کے شعبوں میں بڑھتےتعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، وزیراعظم نے لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے اسرائیلی حملوں میں قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور حکومت و عوام کی جانب سے لبنانی قیادت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور لبنان کے درمیان سزا یافتہ افراد کی منتقلی کے ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اعلامیہ کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر پاکستان اور لبنان کے وزرائے داخلہ نے دستخط کیے۔ ایم او یو کے تحت سزا یافتہ شہریوں کو اپنی باقی ماندہ سزا اپنے ملک میں مکمل کرنے کا قانونی طریقہ کار فراہم کیا گیا ہے۔






