لاہور:گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان سے وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے گورنرہا¶س لاہور میں ملاقات کی۔جس میں بین الصوبائی روابط، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا کہ بلوچستان پاکستان سے ہے اور پاکستان بلوچستان سے۔بلوچستان کے عوام اپنے صوبے اور ملک سے بہت محبت کرتے ہیں۔ملک کی ترقی کے لئے چاروں صوبوں کی یکساں ترقی بہت ضروری ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہوئے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے۔سیاست عوام کی خدمت،ان کی مشکلات اورمسائل کو عملی طور پر حل کرنے کا نام ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو کو مل کر آئندہ الیکشن میں وزیراعظم پاکستان بنائیں گے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کاروائیاں قابل تحسین ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز نے صوبے میں امن قائم کرنے کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔بلوچستان پیپلزپارٹی کی قیادت میں ترقی کی طرف گامزن ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچھ ملک دشمن عناصر بلوچستان میں بدامنی اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر خان نے گورنرہا¶س لاہور کو عوام کے لیے کھول کرعوامی گورنرہونے کا ثبوت دیا۔اُنہوں نے گورنرسردار سلیم حیدر خان کی عوامی خدمات کو بھی سراہا۔






