دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر اور لاکھوں کو ہلاک کرنے والے مہلک نوول کورونا وائرس کی پاکستان میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں کیسز کی تعداد میں کمی جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اب تک 94 فیصد مریض اس وائرس سے شفایاب ہوچکے ہیں۔ ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 130 ہے جس میں سے 2 لاکھ 75 ہزار 836 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 235 کا انتقال ہوا ہے۔ آج (23 اگست) کی شام تک پاکستان میں 530 نئے مریض اور 10 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 519 شفایاب ہوگئے۔ واضح رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کو تقریباً 6 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران پاکستانی قوم کو مختلف مراحل کا سامنا کرنا پڑا۔ 26 فروری 2020 کو پاکستان میں پہلے کیس کے بعد سب سے پہلے تعلیمی اداروں کی بندش کی گئی جس کے بعد لاک ڈاؤن کی شکل میں معاشی و دیگر پابندیاں سامنے آئیں۔ تاہم مارچ کے مہینے میں وبا کے کیسز کی تعداد کم تھی جو اپریل میں بڑھنا شروع ہوئی اور مئی میں اس میں کافی تیزی آگئی جس کے بعد جون کا مہینہ تمام صورتحال کو تبدیل کرگیا۔ جون میں یومیہ کیسز 6 ہزار سے زائد اور اموات 100 سے تجاوز کرنے لگیں تاہم جولائی کے مہینے میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہوئی۔ جس کے بعد یومیہ کیسز کی تعداد اور اموات بھی کم ہوئیں جبکہ اگست میں صورتحال کافی بہتر ہوگئی اور پھر ملک میں لگی تمام پابندیاں کافی حد تک ختم ہوگئیں تاہم تعلیمی ادارے تاحال بند ہیں۔
