اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ چند لوگ ملک پراپنی ذات کو ترجیح دےرہےہیں، ایازصادق کو اپنے بیان پر شرمندگی ہے نہ معافی مانگی، پاکستان اپوزشن کی وجہ سےفیٹف کی گرے لسٹ میں ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ دنیا نے وزیراعظم عمران خان کی کورونا وائرس کیخلاف حکمت عملی کو مثالی قرار دیا لیکن اپوزیشن نے اس پر بھی سیاست کی۔ اسی اپوزیشن کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں گیا۔ یہ لوگ فیٹف قانون سازی کی آڑ میں این آر او مانگ رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی خواہش ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ باڑ لگانے سے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں کم ہوئیں، پاکستان میں امن آیا اور دشمن کے عزائم ناکام بنا دیئے گئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چند لوگ ذاتی مفاد کو ملک پر ترجیح دے رہے ہیں۔ 27 فروری صرف افواج اور حکومت نہیں ہر پاکستانی کی جیت تھی۔ اس دن دنیا بھر میں پاکستانیوں نے جشن منایا۔ اس دن پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔ بھارتی حکومت اور میڈیا کے ہوش اڑے ہوئے تھے۔ بھارت کی آنے والی نسلیں بھی اس کو یاد رکھیں گی لیکن یہ لوگ پاکستان کی جیت متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اپنے مذموم عزائم کے لیے حقائق کو مسخ نہیں کیا جا سکتا۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے مودی کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا تھا۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے سوالات کئے کہ کس کے ڈر سے حریت رہنماؤں سے ملاقات نہیں کی؟ کارگل جنگ میں کس کا خوف تھا؟ کہ آپ نے پیچھے ہٹنے کا کہا۔ کلبھوشن کیس پر کیوں خاموش رہے اور کس کو فائدہ پہنچایا؟ مودی کی حلف برداری تقریب میں کس کے ڈر سے حریت رہنماؤں سے ملاقات نہیں کی؟مراد سعید نے دعویٰ کیا کہ ان کی ڈپلومیٹک اور لائبیسٹ سے ملاقاتوں کے تمام حقائق سامنے آ چکے ہیں۔ ان کا لائبیسٹ سے دو نکات پر اتفاق ہوا تھا۔ ایک سیکیورٹی اداروں کو متنازع بنانا اور دوسرا کرپٹ کو جمہوریت کا چیمپیئن بنا کر پیش کرنا ہے۔






