راولپنڈی: سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی انتقال کرگئے۔ میر ظفراللہ خان جمالی کو چند قبل دل کے دورہ پڑنے کے باعث راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (اے ایف آئی سی) میں داخل کیا گیا تھا، جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔ سابق وزیر اعظم اے ایف آئی سی کے سی سی یو بیڈ 19 پر زیر علاج تھے۔ سینیٹر ثنا جمالی نے سابق وزیراعظم ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال کی تصدیق کر دی۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے ٹوئٹر پر سابق وزیر اعظم پاکستان میر ظفراللہ جمالی کے وفات پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ واضح رہے کہ میر ظفراللہ خان جمالی ملک کے 15 ویں وزیر اعظم رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی میر ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا. مسلم لیگ (ق) کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے والی میر ظفراللہ خان جمالی 23 نومبر 2002 سے 26 جون 2004 تک ملک کے وزیر اعظم رہے۔ خیال رہے کہ دل کے عارضے کے باعث ہسپتال میں داخل ہونے والے سابق وزیر اعظم میر ظفراللہ خان جمالی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ جس پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کردیا تھا۔






