اسلام آباد : سال 2020 میں دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دینے والے مہلک کورونا وائرس کے نئے سال 2021 میں بھی وار جاری ہے اور یومیہ کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق آج سامنے آنے والے یکم جنوری کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 2 ہزار 184 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 82 افراد مزید لقمہ اجل بنے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار 745 رہی۔ یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 84 ہزار 362 ہوگئی جس میں سے 90 فیصد سے زائد یعنی 4 لاکھ 38 ہزار 974 صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 258 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار 130 رہ گئی۔ آج 2 جنوری 2021 کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے: پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 953 کیسز کا اضافہ ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار 632 تک پہنچ گئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 22 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 582 تک پہنچ گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 733 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 39ہزار 341 ہوگئی۔ تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 43 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 85 ہوگئی۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 322 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 59ہزار 23ہوگئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 12مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 661 پر جا پہنچی۔ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 181 ہوگئے۔بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 184 تک پہنچ گئی۔
