کراچی: این سی سی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے بلڈرز نے ڈان کو بتایا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اسٹیل بارز کی بڑھتی قیمتوں کو دیکھنے کے لیے حکومت کے اعلی عہدیداروں اور نجی شعبے پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیر اعظم نے وزیر صنعت صنعت حماد اظہر، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو جاوید غنی، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور نجی شعبے کے لوگوں پر مشتمل کمیٹی کو قابل عمل حل پیش کرنے کی ہدایت کی۔ جمعرات کو ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے یہ فیصلہ لیا جس میں بلڈرز اور ڈویلپرز نے بھی شرکت کی تھی۔جب رائے طلب کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا تو وزیر صنعت نے کسی بھی کمیٹی کے تشکیل سے انکار کردیا۔انہوں نے ڈان کو بتایا کہ ‘اس معاملے کی جانچ پڑتال کے لیے صرف مشاورتی اجلاس ہوگا’۔اجلاس میں موجود ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کمیٹی کو اسٹیل بارز کی مقامی پیداوار، صارفین کی دلچسپی اور حکومت کے ریوبیو پر اثرات سے متعلق تفصیلی تحقیقاتی تجزیے کے بعد اسٹیل بارز کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر حکمت عملی تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔





