عالمی تنازعات سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ، معاشی اصلاحات ناگزیر ہیں ، وزیر خزانہ

عالمی تنازعات سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ، معاشی اصلاحات ناگزیر ہیں ، وزیر خزانہ

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی تنازعات کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑ سکتے ہیں، تاہم پاکستان میں معاشی استحکام برقرار رکھنے کے لیے حکومت ٹیکس نظام میں بہتری، نجکاری، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور سرکاری قرضوں کے بہتر انتظام پر کام کر رہی ہے۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی معیشت غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے، اس کے باوجود پاکستان میں معاشی بہتری کا سفر جاری ہے اور ملکی بانڈز میں یورپ اور امریکا کے سرمایہ کار بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے اور ٹیکس پالیسی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کر رہی ہے، جبکہ معاشی ترقی میں نجی شعبے کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ وزیر خزانہ کے مطابق سرکاری اداروں کی نجکاری کے لیے اقدامات جاری ہیں، جن میں فرسٹ ویمن بینک اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں شامل ہیں۔ حکومت سرکاری قرضوں کے بہتر انتظام اور بیرونی قرضوں میں اضافہ کیے بغیر مالی معاملات کو بہتر بنانے کی کوشش بھی کر رہی ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں صرف اضافے ہی نہیں بلکہ ان کے معیار اور پائیداری کو بھی اہمیت حاصل ہے۔ آئی ٹی برآمدات اور خدمات کا شعبہ ملکی معیشت کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت موسم سرما میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہدفی سبسڈی فراہم کی گئی تاکہ امداد ان افراد تک پہنچے جنہیں اس کی زیادہ ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ نے توقع ظاہر کی کہ رواں مالی سال پاکستان کی ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود معاشی استحکام اور اصلاحات کا عمل جاری رکھنا ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے