ناروے میں خوفناک آتشزدگی، 100 سے زیادہ مکانات راکھ کا ڈھیر، سینکڑوں افراد بے گھر

ناروے میں خوفناک آتشزدگی، 100 سے زیادہ مکانات راکھ کا ڈھیر، سینکڑوں افراد بے گھر

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

جنوب مشرقی ناروے کے رہائشی علاقے میں لگنے والی ہولناک آگ نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 100 سے زیادہ مکانات جل کر خاکستر ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق جمعہ کی سہ پہر ڈرامن کے علاقے کروکسیڈیلوا میں ایک ٹاؤن ہاؤس سے شروع ہونے والی یہ آگ دیکھتے ہی دیکھتے پڑوس کے گھروں اور قریبی جنگلات میں پھیل گئی۔ اس ناگہانی آفت کے بعد رہائشی علاقے سے 400 سے زیادہ افراد کو ہنگامی طور پر نکال لیا گیا ہے، جبکہ فائر فائٹرز ہفتے کے روز بھی آگ پر مکمل قابو پانے کے لیے برسرِپیکار رہے۔ نارویجن ڈائریکٹوریٹ فار سول پروٹیکشن (ڈی ایس بی) کے ڈائریکٹر لارس جیکب ہیم نے اس واقعے کو جدید ملکی تاریخ کی سب سے بڑی رہائشی آتشزدگی قرار دیا ہے۔ آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس پر قابو پانے کے لیے 6 فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر پے در پے پروازیں کر رہے ہیں، جنہوں نے متاثرہ علاقے پر اب تک تقریباً 8 لاکھ لیٹر پانی برسایا ہے، جبکہ مزید 7 ہیلی کاپٹرز کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔ ساؤتھ ایسٹ ڈسٹرکٹ پولیس کا کہنا ہے کہ اگرچہ مزید گھروں تک آگ پھیلنے کا خطرہ کم ہو گیا ہے، تاہم صورتحال اب بھی مکمل کنٹرول میں نہیں ہے کیونکہ جنگل میں لگی آگ اور مختلف مقامات پر سلگتے انگارے اب بھی چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ اس ہولناک آگ پر قابو پانے کے لیے 10 فائر اینڈ ریسکیو سروسز اور 17 اسٹیشنوں کے کم و بیش 100 فائر فائٹرز فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔ ناروے کی مسلح افواج، سول ڈیفنس اور پولیس بھی اس ریسکیو آپریشن میں فائر ٹینڈرز کے ہمراہ حصہ لے رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!