ایرانی سرکاری ٹی وی پر مجتبیٰ خامنہ ای سے منسوب تحریری پیغام: ’ٹرمپ کے دستخط کی کوئی حیثیت نہیں، امریکہ کو ناقابلِ فراموش سبق سکھایا جائے گا‘ ایرانی سرکاری ٹی وی کے ایک میزبان نے مجتبیٰ خامنہ ای سے منسوب ایک نیا تحریری پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کو ’ناقابلِ فراموش سبق‘ دیا جائے گا۔ اس تحریری پیغام میں، جو ایران کے رہبراعلیٰ سے منسوب کیا گیا ہے میں کہا گیا ہے کہ ’مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ امریکی صدر کے دستخط کی کوئی حیثیت یا اعتبار نہیں۔‘ مجتبیٰ خامنہ ای سے منسوب پیغام میں مزید کہا گیا کہ ’بڑے شیطان نے ایک بار پھر اپنا حقیقی اور بے نقاب چہرہ دنیا کے سامنے ظاہر کر دیا ہے، تاکہ جرم اور غداری کا یہ تلخ تجربہ امریکہ کی جھوٹی، غیر منطقی، ناقابلِ اعتماد اور مذموم فطرت کا ایک اور مضبوط ثبوت بن جائے۔‘ پیغام کے مطابق، ’اب جبکہ امریکی دشمن جنگ بھڑکانے اور خود کو مزید بھاری اخراجات اور بڑی رسوائی سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اسے جان لینا چاہیے کہ ایران کی عزیز قوم اور محاذِ مزاحمت اس کے لیے ناقابلِ فراموش اسباق رکھتے ہیں۔‘ اپنے والد کے جانشین بننے کے بعد سے مجتبیٰ خامنہ ای عوامی سطح پر سامنے نہیں آئے ہیں، اور نہ ہی ان کی کوئی آواز یا ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔ اب تک ان سے منسوب تمام پیغامات صرف تحریری شکل میں ہی منظرِ عام پر آئے ہیں۔






