کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) کورونا کی وباءبے قابو،صوبے کے 16 اضلاع سے چوبیس گھنٹوں کے دوران 371مریضوں کے سامنے آنے کے بعد صوبے میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 5224 ہوگی ۔ کورونا سے متاثرہ مزید دو مریض دم توڑ گئے جبکہ تین مشتبہ مریضوں کی بھی اموات واقع ہوئی ہے ،288 مریض صحت یاب ہوئے ہیں ۔ بدھ کے روز محکمہ صحت بلوچستان کے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ، کیچ قلعہ سیف اللہ، پشین، جعفرآباد، خضدار، جھل مگسی، ہرنائی ، قلات ، چاغی ، ڈیرہ بگٹی ، لورالائی، نصیرآباد،مستونگ، زیارت اور نوشکی سے کورونا کے 371 نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مصدقہ تعداد 5224 ہوگئی ۔محکمہ صحت کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا سے متاثرہ مزید دو مریض دم توڑ گئے جبکہ تین مشتبہ مریضوں کی بھی اموات واقع ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میںکورونا سے انتقال کرنے والے مصدقہ مریضوں کی تعداد 51 جبکہ43 مشتبہ مریضوںکی اموات کے بعد اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 94 ہوگی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق 5224مریضوں میں سے 98 فیصد یعنی 5150 مریض مقامی سطح پر وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن میں سے 4321 کا تعلق کوئٹہ ،135 کا قلعہ سیف اللہ134 کا پشین90 کا جعفرآباد66 کا قلعہ سیف اللہ اور 66 کا تعلق مستونگ سے ہے ۔ رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران 288 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد صوبے میں اب تک صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 2021 ہوگی ہے جو مجموعی کیسز کے 38 فیصد ہے جبکہ 3152 مریض زیر علاج ہیں 658افراد کے کئے گئے کورونا ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں ۔






