کوئٹہ: جمعیت علما اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی امیر مولانا عبدالقادر لونی کی قیادت میں حاجی محمد نور اخوندزادہ اور دیگر نے کسٹم کلکٹر بلوچستان شاہ جہان سے ملاقات کی، جس میں تاجروں کو درپیش تجارتی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران زیارت کراس، لکپاس اور دیگر کسٹم دفاتر میں غیرقانونی اشیا کے شبہ میں روکے گئے سامان، گاڑیوں اور ضبط شدہ اشیا کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا عبدالقادر لونی نے کسٹم کلکٹر سے اپیل کی کہ تاجروں کے رکے ہوئے سامان کے حوالے سے قانونی کارروائی تیز کرکے تمام کیسز جلد نمٹائے جائیں تاکہ متعلقہ تاجر قانونی ضوابط مکمل کرکے اپنا سامان ریلیز کراسکیں۔ انہوں نے کہا کہ لکپاس، زیارت اور دیگر کسٹم دفاتر میں تخریبی کارروائیوں کے باعث اربوں روپے کا سامان ضائع ہوا، جس سے حکومت اور تاجروں دونوں کو نقصان پہنچا، لہٰذا کسٹم دفاتر سے ضبط شدہ سامان اور گاڑیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی کے باعث تاجر شدید مالی مشکلات اور خسارے سے دوچار ہیں، اس لیے تمام کسٹم پوائنٹس پر کلیئرنگ کا عمل بھی فوری طور پر تیز کیا جائے۔ اس موقع پر کسٹم کلکٹر بلوچستان شاہ جہان نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے تاجروں اور کاروباری حلقوں کے مسائل، کلیئرنگ کے عمل اور سامان کو محفوظ اسٹورز میں منتقل کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔






