رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، جبکہ مولانا فضل الرحمان کے بیانات اور الزام تراشی افسوسناک ہیں، انہیں غیر ذمہ دارانہ بیانات اور بے بنیاد الزامات سے گریز کرنا چاہیے۔ کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فرح عظیم شاہ نے کہا کہ جب بھی پاکستان کامیابیوں کی جانب پیش قدمی کرتا ہے اور اونچی اڑان بھرتا ہے تو دشمن عناصر سرگرم ہو جاتے ہیں۔ ’دشمن پاکستان کی کامیابیوں کو ہضم نہیں کر رہے، تاہم پاکستان دفاعی صلاحیت اور سفارتی میدان سمیت مختلف شعبوں میں کامیابیوں کا سفر طے کر رہا ہے۔‘انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے سب سے مقدم ہے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو دنیا تسلیم کرتی ہے، موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی مفادات کو ترجیح دی جائے اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کے استحکام کے لیے متحد ہوا جائے۔فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ یہ وقت پاکستانی قوم کے اتحاد کا ہے، ہمیں اپنے شہدا اور جوانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے، کیونکہ ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے ان کی قربانیاں اہمیت کی حامل ہیں۔ رکن بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ دہشتگردی کا مسئلہ عارضی ہے اور امید ہے کہ یہ جلد ختم ہو جائے گا، انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ہمیشہ ریاست کی بات کی ہے۔فرح عظیم شاہ نے زور دیا کہ پاکستان کی سلامتی، قومی اتحاد اور ریاستی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کیا جانا چاہیے۔






