پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز سامنے آنے کے بعد اب مجموعی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 671 ہوگئی ہے جبکہ مجموعی اموات 2067 تک پہنچ گئی ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک کورونا وبا کے 2203 نئے کیسز اور 35 اموات ہوئی ہیں۔تاہم اس عالمی وبا سے مزید کئی لوگ صحتیاب بھی ہوگئے ہیں۔خیال رہے کہ 26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اس وائرس کا پھیلاؤ پورے ملک تک ہوگیا اور اب یومیہ ہزاروں کیسز سامنے آرہے ہیں۔فروری میں پہلے کیس سے لیکر مارچ کے آخر تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تقریباً 2 ہزار کے قریب تھی جبکہ 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد یہ تعداد اس وقت تک 26 تک پہنچی تھی۔ماہ اپریل میں صورتحال کچھ تبدیل ہوئی اور کورونا وبا کے پھیلاؤ میں تھوڑی شدت آئی اور کیسز کی مجموعی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی۔تاہم مئی کے مہینے میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی اور صرف ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں اور کیسز کی مجموعی تعداد 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے زائد ہوگئیں۔بعد ازاں جون کے مہینے کے آغاز سے ہی صورتحال تشویشناک ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور ایک روز میں 5 ہزار سے زائد ریکارد کیسز بھی سامنے آچکے ہیں۔
یہی نہیں بلکہ جون کے پہلے ہفتے میں ہی 30 ہزار سے زائد کیسز اور 500 سے زائد اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔آج (8 جون) کو بھی پاکستان میں کورونا کی عالمی وبا کے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔
