کوہلو ( نامہ نگار) کوہلو میں برمش یکجہتی کمیٹی کی جانب سے سانحہ ڈھنک کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اورمظاہرہ کیا گیا، ریلی ٹریفک چوک سے شروع ہوئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ڈسٹرکٹ پریس کلب کوہلو پہنچ گئی ریلی کے شرکا نے بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے اور مطالبات درج تھے۔ ریلی میں سول سوسائٹی، سیاسی وسماجی کارکنان، طلبہ سمیت مختلف مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے اور برمش اور اس کی خاندان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے برمش کو انصاف دو، قاتلوں کو پھانسی دو، بلوچستان میں اسلحہ و منشیات کلچر نامنظور کے نعرے لگائے اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی کے ضلعی صدر ملک گامن خان، نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر محمد دین مری، بی این پی عوامی کے صدر اشرف مری سمیت دیگر نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے ڈھنک تربت میں بی بی ملک ناز کی شہادت اورانکی بیٹی برمش بلوچ کے زخمی ہونے کا واقعہ پہلا نہیں ہے اس سے قبل کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں بلوچستان میں لاقانونیت اور مسلح لشکر سے کسی کی جان و مال، عزت محفوظ نہیں،انہوں نے کہاکہ بی بی ملک ناز نے گھر کی تحفظ کے لیے جام شہادت نوش کرکے تاریخ رقم کردی مگر افسوس کہ مسلح چور ڈاکووں نے ایک بلوچ خاتون کو بے دردی سے فائرنگ کرکے شہید کردیا۔مقررین نے کہاکہ بی بی ملک ناز کے گھر پر حملہ اور انکی شہادت پورے بلوچ قوم اور بلوچ روایات پر حملہ ہے اس طرح کے واقعات کو روکنے اور لاقانونیت کولگام دینے کے لئے آج پورا بلوچستان سراپا احتجاج ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ ڈنک کے ملزمان کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔


