پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا خطرناک صورتحال اختیار کر رہی ہے اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔ملک میں اس وقت ابھی تک کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 189 ہوچکی ہے جبکہ اموات 2 ہزار 297 تک جاپہنچی ہیں۔آج ابھی تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 360 ہے جبکہ 81 اموات کا اضافہ بھی ہوا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان میں تقریباً 5 ہزار کیسز اور ریکارڈ 104 اموات سامنے آئیں تھیں۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ وبا آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیل گئی تاہم اس سے اس وقت سب سے زیادہ متاثر شہر کراچی ہی ہے۔صرف کراچی میں ہی اس وقت 33 ہزار سے زائد کیسز اور 575 سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں جو اب تک ملک کے کسی بھی شہر کی سب سے بڑی تعداد ہے۔نہ صرف کراچی بلکہ اس وائرس سے پورا ملک بری طرح متاثر ہے اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لوگوں کی جانب سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر پر عمل نہ کرنے سے وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔یہاں یہ واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ کے لیے نافذ لاک ڈاؤن میں مکمل نرمی سے گریز کرے کیونکہ وہ ان 6 شرائط (نکات) میں سے کسی ایک پر بھی پورا نہیں اترتا جو احتیاطی تدابیر سے متعلق ہیں۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد مختلف پابندیاں لگائی گئی تھیں جو بعد ازاں لاک ڈاؤن میں تبدیل کردی گئی تھی، جس کے بعد تقریباً ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے تک یہ سلسلہ جاری رہا تھا اور پھر اس سے پڑنے والے معاشی اثرات کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے 9 مئی سے اس میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا گیا۔اگر ملک میں اس دوران کیسز کا جائزہ لیں تو فروری سے مارچ کے آخر تک تقریباً 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں، جو اپریل کے مہینے میں بڑھ کر 385 تک پہنچ گئیں جبکہ کیسز کی تعداد ساڑھے 16 سے تجاوز کرگئی۔تاہم مئی کے مہینے میں صورتحل یکسر تبدیل ہوگئی اور ایک ماہ کے دوران 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد کیسز 71 ہزار اور اموات 1500 بڑھ گئیں۔جون کے مہینے میں بھی یہ سلسلہ اری ہے اور صرف ابتدائی 9 روز میں تقریباً 40 ہزار کے قریب نئے کیسز اور 700 کے لگ بھگ اموات کا اضافہ ہوا ہے۔آج (10 جون) کو بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات سامنے آنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔
