اسلام آباد: ملک میں گزشتہ 5 روز سے کورونا وائرس کے کیسز کے رجحان میں کمی دیکھے جانے کے بعد ماہرین صحت نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ گراف کے زوال کا آغاز ہوسکتا ہے۔ ماہرین توقع کرتے ہیں کہ کیسز کی تعداد میں مزید کمی واقع ہوسکتی ہے تاہم اموات کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ مریضوں کی ایک بڑی تعداد ابھی بھی وینٹیلیٹرز پر موجود ہے اور ممکن ہے کہ ان میں سے 90 فی صد تک زندہ نہ بچ پائیں۔ملک میں گذشتہ روز 3 ہزار 622 کورونا کیسز اور 78 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد قومی سطح پر کُل کیسز کی تعداد (24 جون تک) ایک لاکھ 91 ہزار 22 اور اموات 3 ہزار 808 ہوگئیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے روزانہ 4000 سے 5000 کیسز رپورٹ ہورہے ہیں لیکن یہ تعداد ہر گزرتے دن کے ساتھ کم ہوتی جارہی ہے تاہم تشویشناک بات یہ ہے کہ گزشتہ دنوں میں ٹیسٹنگ کی تعداد جو 32 ہزار سے زیادہ ہوچکی تھی اب کم ہوکر تقریباً 25 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
