پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 4922 تک پہنچ گئی ہے۔ امریکہ میں سات ریاستوں میں ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی انتظامیہ نے پارکس کھولنے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے مزید 83 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 2980 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 4922 اور 2236 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی انتظامیہ نے کیسز میں اضافے کے باوجود پارکس کھولنے کا اعلان کیا ہے۔امریکہ میں کرونا کیسز کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔دنیا بھر میں ‘کووڈ 19’ کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 17 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اموات پانچ لاکھ 43 ہزار سے زائد ہیں۔ امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 30 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ بعض ریاستوں میں ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔امریکہ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دو درجن سے زائد ریاستوں میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ریاست کیلی فورنیا، ہوائی، میسوری، ٹیکساس، اوکلاہوما، مونٹانا اور اڈاہو میں کیسز بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران صرف کیلی فورنیا اور ٹیکساس میں دس دس ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ورلڈو میٹر کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 33 ہزار 972 افراد ہلاک اور 30 لاکھ 97 ہزار 84 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔امریکہ میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 54 ہزار 863 ہے۔
