اپنی ویڈیوز اور تصاویر سے انٹرنیٹ پر دھوم مچانے والی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ ارطغرل غازی جیسے کسی ڈرامے میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کریں گی۔خیال رہے کہ ‘حلیمہ سلطان’ کا کردار پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے ‘دیریلیش ارطغرل’ کا مرکزی کردار ہے۔’حلیمہ سلطان’ کا کردار ترک اداکارہ 28 سالہ اسرا بیلگیج نے ادا کیا ہے، یہ کردار ڈرامے کے مرکزی کردار ‘ارطغرل غازی’ کی بیوی کا کردار ہے اور ڈرامے میں ارطغرل غازی کا کردار 41 سالہ انجین التان دوزیتان نے ادا کیا ہے۔اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے۔ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔ڈرامے کو وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر یکم رمضان سے پی ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے اور اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے ہیں اور اسے یوٹیوب پر محض 20 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا گیا تھا۔اسی طرح متعدد شوبز شخصیات نے بھی ڈرامے کی تعریفیں کی تھیں مگر ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے تو اسی ڈرامے کے مرکزی کردار حلیمہ سلطان کو ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔حریم شاہ نے ایک یوٹیوبر کو انٹرویو کے دوران ‘ارطغرل غازی’ ڈرامے کی تعریف کی اور کہا کہ ڈرامے کو دیکھتے ہی اندازہ ہوتا ہے کہ مسلمان کتنی بہادر قوم ہے۔
