اسلام آباد: پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کے 15 معاونین خصوصی اور6 مشیروں کےاثاثوں اور شہریت کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں، جس کے مطابق، وزیراعظم کے معاونین خصوصی میں سے چھ دوہری شہریت کےحامل ہیں۔ کوئی بھی مشیر غیرملکی شہریت کا حامل نہیں۔ پاکستان کے قانون کے مطابق، کوئی بھی رکن اسمبلی اور وفاقی وزیر دوہری شہریت کا حامل نہیں ہو سکتا۔ لیکن، کسی معاون خصوصی اور مشیر کے لیے ایسی کوئی پابندی نہیں ہے۔ وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی سائیٹ ٹوئیٹر پر کابینہ ڈویژن کا لنک شئیر کیا اور کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر تمام معاونین خصوصی کے اثاثہ جات اور شہریت کی تفصیلات عام عوام کے سامنے رکھی جارہی ہیں۔ کابینہ ڈویژن کی جاری کردہ تفصیلات اور کابینہ ڈویژن کی ویب سائیٹ پر موجود تفصیلات کے مطابق، وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل امریکی گرین کارڈ ہولڈر ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے اپنی شہریت ظاہر نہیں کی تھی۔پٹرولیم کے معاون خصوصی ندیم بابر سال 1999 سے امریکی شہریت رکھتے ہیں،معاون خصوصی اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری مستقل برطانوی شہریت رکھتے ہیں۔ندیم افضل چن کینیڈا کی شہریت رکھتے ہیں، جبکہ معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس بھی کینیڈا کی شہری ہیں۔ تانیہ ایدروس سنگاپور کی مستقل رہائشی ہیں۔ معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن شہزاد سید قاسم بھی امریکی شہریت کے حامل ہیں۔
