رواں سال مارچ میں موخر ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ لیگ 19 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو گی۔ آئی پی ایل کے چیئرمین برجیش پٹیل کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اُنہیں قرنطینہ میں رکھا جا سکتا ہے۔ یوں تو کرونا وبا کی وجہ سے شائقین کے بغیر میچز کھیلے جا رہے ہیں، لیکن بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں وائرس کا پھیلاؤ کم ہونے کے بعد مخصوص تعداد میں شائقین کو اجازت دینے پر حکام سے بات چیت کریں گے۔ برجیش پٹیل نے ‘اے ایف پی’ کو بتایا کہ دنیا کے سب سے مہنگے کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل آٹھ نومبر کو کھیلا جائے گا جب کہ مجموعی طور پر یہ ایونٹ 51 دنوں تک جاری رہے گا۔ اس دوران کل 60 میچز کھیلے جائیں گے۔ متحدہ عرب امارات کے موجودہ کرونا وائرس قوانین کے تحت تمام مسافروں کو امارات پہنچنے کے بعد دو ہفتوں کے لیے خود کو الگ تھلگ رکھنا ضروری ہے
