ام آباد: افغان فوج نے 30 جولائی کوچمن بارڈر باب دوستی پر بلااشتعال فائرنگ کی جب کہ پاک فوج نے اپنے دفاع اورمقامی آبادی کے تحفظ کے لیے جوابی فائرنگ کی۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج نے فائرنگ میں پہل نہیں کی۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے صورتحال پرقابو پانے کے لیےعسکری اورسفارتی چینلز پر کاوش کیں۔ افغان اتھارٹیز کی درخواست پر سرحد تجارت اورپیدل چلنےوالوں کے لیے کھولی گئی تھی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ تجارت کے لیے ہرممکن اقدام کررہا ہے لیکن مخالف عناصر ایسی کوششوں کوسبوتاژ کررہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پربھی پیدل چلنےوالوں کواجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اکھٹا ہونے والوں پر افغان فوج نے بلا جواز فائرنگ کی۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق بدقسمت واقعہ میں شہادتیں ہوئیں اور پاکستان میں انتظامی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ انہوں نےکہا کہ بدقسمتی سے افغانستان میں بھی نقصان پہنچا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اگر افغان فوج فائرنگ نہ کرتی تو اس واقعہ سے بچا جا سکتا تھا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق پاکستان خطے میں استحکام اور امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ ہماری تعمیری کاوش کا ویسا ہی جواب ملے گا۔
