پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔شہباز شریف نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ قوم کو لوٹنے کی اجازت دینے والے وزیراعظم عمران خان مستعفی ہوں۔انہوں نے کہا کہہ عمران خان کو ذمہ دار نہ ٹھہرا کر رپورٹ میں سیاہ کو سفید ثابت کرنے کی کوشش کی گئی۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے پہلے قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت دی پھر کہا جنہوں نے لوٹا ہے انہیں گرفتار کرلو۔صدر مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کا آٹا، چینی چوری کرنے کے تمام فیصلوں کی منظوری دی، اب وہ اس ذمہ داری کسی اور پر نہیں ڈال سکتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو لوٹنے کا لائسنس دیا، اس پر دستخط عمران خان نے کیے، عوام کی چینی چوری کرنے والے گروہ کے سرغنہ کا نام وزیراعظم عمران خان ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں چینی کا ذخیرہ تھا ہی نہیں، پھر وزیراعظم نے اجازت کیوں دی؟اپوزیشن لیڈر نے شوگرایڈوائزری بورڈ اور سیکریٹری خوراک نے مخالفت کی تو پھر وزیراعظم عمران خان نے چینی کی برآمد کی اجازت کیوں دی؟ان کا کہنا تھا کہ قوم کو 2، 2 مرتبہ لُوٹا گیا، ایک مرتبہ برآمد کی اجازت دے کر اور پھر 36 روپے فی کلو مہنگی چینی فروخت کرکے لوٹا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ چینی باہر بھیجنے کی اجازت دینے سے لے کر اس کی ذخیرہ اندوزی اور مقامی مارکیٹ میں مہنگی فروخت، یہ سب عمران خان کے جرائم ہیں۔صدر مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ دوسروں کو قربانی کا بکرا بنانے سے عمران خان کی ذمہ داری ختم نہیں ہوگی، اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کے سربراہ کے طورپر ہر فیصلے کے وزیراعظم ہیں۔
